نئی دہلی،25اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے صدر امت شاہ اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے آج راجیہ سبھاکی رکنیت کا حلف لیا۔اس مہینے گجرات سے راجیہ سبھا انتخابات جیتنے کے بعد دونوں لیڈران پارلیمنٹ کے ایوان اعلی میں منتخب ہوئے ہیں۔نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے شاہ اور ایرانی کو اپنے کمرے میں حلف دلایا۔اس دوران وزیر خارجہ سشما سوراج، پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار، خزانہ اور وزیر دفاع ارون جیٹلی اور وزیر قانون روی شنکر پرساد، پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی سمیت دیگر لوگ موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین بھی موجود تھے۔حلف لینے کے بعد شاہ نے ٹویٹ کیا کہ آج میں نے راجیہ سبھا ایم پی کا حلف لیا، آپ تمام کی حمایت کا دل سے شکریہ۔قابل ذکر ہے کہ امت شاہ اور اسمرتی ایرانی دونوں ہی حال میں گجرات سے راجیہ سبھا ایم پی کے طور پر منتخب ہو کر آئے ہیں۔یہ انتخابات کافی بحث میں تھا، جب کانگریس نے بی جے پی پر اس کے ممبران اسمبلی کی خرید و فروخت کا الزام لگاتے ہوئے انہیں بنگلور کے ایک ریزورٹ میں شفٹ کر دیا۔احمد پٹیل کو کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کا قریبی سمجھاجاتاہے۔
ووٹنگ کے بعد کانگریس نے الیکشن افسر سے اپنی پارٹی کے دو باغی ممبران اسمبلی کے خلاف شکایت درج کی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے دو اراکین اسمبلی کے ووٹ منسوخ کر دیے تھے۔احمد پٹیل نے بی جے پی کے امیدوار بلونت راجپوت کو شکست دی ہے۔آج بی جے پی کے صدر امت شاہ نے لوگوں کوگنیش چترتھی کی نیک خواہشات بھی دی۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ تمام ہم وطنوں کوشری گنیش چترتھی کی دلی خواہشات، گنپتی باپپا موریا۔